حافظِ ملت علیہ الرحمہ: اس بزرگ، وجلیل القدرشخصیت کا نام ہے ، جن کے بچپن ، جوانی، بڑھاپا، طالبِ علمی اور زمانۂ تعلیم وتدریس جس دَور کوبھی دیکھاجائے درخشاں وتابندہ نظر آتا ہے ۔’’حافظِ ملت‘‘ اس درد مندِ قوم کا نام ہے، جس نے اپنی زندگی کی ساری توانائیاں قومِ مسلم کیلئے وقف فرمادیں ۔’’حافظِ ملت‘‘ علم وشعور کے اس عاشق صادق کا نام ہے ،جس نے علم وفن کے حصول اوراس کی تر ویج واشاعت میں اپناتن من دھن سب قربان کردیا۔’’حافظِ ملت‘‘ اس محبِّ رسول( ﷺ) کانام ہے، جو اپنے رسول( ﷺ)کی ہرہراداپہ جان قربان کرنے کے لئے ہمیشہ سرگرداں رہے ۔حکم ِرسول (ﷺ )کے آگے ہمیشہ ان کی پیشانی خم رہی۔ طاعتِ رسول (ﷺ ) سے ، بال برابر، تجاوزوانحراف کرتے ہوئے انہیں، نہیں دیکھاگیا۔’’حافظِ ملت‘‘ اس رہنمائے قوم کا نام ہے جس نے ہمیشہ اپنی قوم کو سر بلند دیکھنے کے لئے مخلصانہ جِدُّوجَہد میں عمرعزیزصرف کردی ۔’’حافظِ ملت‘‘ بے شمار خوبیوں کے مالک، بے پناہ صفات کے جامع، بے شمار خصوصیات کے حا مل ہیں، ان کی ہر خوبی، ہر صفت، اس لائق ہے کہ اس پر بہت کچھ لکھا جائے۔
پیر 29 جمادى الأولى 1448 ( November 9, 2026 )



















