بِسْمِﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم
سپاس نامہ
محدث کبیر ،حضرت علامہ ضیاءالمصطفیٰ صاحب قادری، سربراہ اعلی، طیبۃ العلما ،جامعہ امجدیہ رضویہ، گھوسی، مئو، یوپی، ہند
——————————————
جامع شریعت وطریقت،ممتازالفقہا والمحدثین حضرت علامہ ضیاء المصطفےٰ صاحب قادری اعظمی دامت برکاتہم کاہندوستان کےایک بڑے مشہور علمی گھرانے سے تعلق ہے۔ آپ مصنف بہار شریعت صدرالشریعہ علامہ امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ کے صاحب زادے ہیں۔ دسمبر۱۹۳۹ء کوضلع اعظم گڑھ میں ولادت ہوئی۔ہندوستان کی عظیم وقدیم درس گاہ جامعہ اشرفیہ مبارک پور سے اعلیٰ دینی تعلیم حاصل کی اور اب وہیں کے پرنسپل اور شیخ الحدیث ہیں۔ تقریباً چالیس سال سے بخاری شریف کادرس دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ تفسیر،حدیث،اصول حدیث،فقہ، اصول فقہ، فرائض، علم الہندسہ، علم التوقیت، منطق، فلسفہ،علم مناظرہ وغیرہ علوم وفنون میں مہارت تامہ اور درس وتدریس کاکامل تجربہ رکھتے ہیں۔ اہم سے اہم سوال کاجواب دینے اورحل کرنے میں دیر نہیں لگتی، ذہانت وفطانت قابلیت وصلاحیت اور حافظہ میں ان کاجواب نہیں۔
آپ کے تمام بھائی، بہن، بیٹے، بھتیجے کل کے کل عالم دین ہیں۔ بھتیجیاں بھی عالمہ فاضلہ ہیں اور ہندوستان وپاکستان دونوں جگہ سے آپ کے خاندان کا تعلق ہے۔ اور الحمدللہ پورا خانوادہ پاک وہند میں اسلام وسنت کی اشاعت میں رواں دواں ہے۔
حضرت محدث کبیر دعوت وارشاد اور دینی خدمات کےسلسلے میں متعدد بار ساؤتھ افریقہ، ماریشش، میڈل ایسٹ، کویت، پاکستان، انگلینڈ،ہالینڈ وغیرہ کے دورے کرچکے ہیں۔
آپ حافظ ملت حضرت مولانا عبدالعزیز محدث مرادآبادی رحمۃ اللہ علیہ بانی جامعہ اشرفیہ مبارک پور، کےخاص شاگردوں میں ہیں۔ آپ کو چاروں سلاسل قادریہ،چشتیہ، نقشبندیہ، سہروردیہ وغیرہ کی اجازت وخلافت حاصل ہے۔ ہزاروں لوگ ان کےدستِ حق پرست پر تائب اور داخلِ بیعت ہوچکے ہیں۔
آپ میرے بہت ہی شفیق استاذ ہیں۔
ہندوستان سے اس جشن میلادالنبی ﷺ میں خطاب کرنے کےلیے امریکا تشریف لائے۔ ہم ان کے بہت ہی ممنون و مشکور ہیں۔
احمد القادری مصباحی
بموقع خطاب : جلسۂ عیدمیلادالنبی ﷺ
بتاریخ: بارہویں ربیع الاول ۱۴۲۰ھ ، ۲۶؍جون ۱۹۹۹ء
زیر اہتمام:تنظیم اہل سنت، ڈیلاس
بمقام : ریچرڈسن سیوک سنٹر ، ریچرڈسن، ٹیکساس، امریکا
(ملخصاً و تصرفاً)