{عید الاضحی }
مسئلہ۱: عیدالاضحی کے دن غسل کرنا ، اچھے کپڑے پہننا ، خوشبو لگانا، ایک راستہ سے عیدگاہ جانا، دوسرے سے واپس آنا ، راستہ میںبلند آواز سے تکبیر کہتے ہوئے جانا مستحب ہے ۔ اور صبح سے قربانی کرنے تک کچھ نہ کھانا پینا، مستحب ہے ۔
مسئلہ۲:عید الاضحی کی نماز ’’دو رکعت ‘ ‘ واجب ہے۔ اور اس میں اذان و اقامت نہیں ہے۔
{عید الاضحی کی نماز کا طریقہ}
مسئلہ۳: پہلے یوں نیت کریں، دورکعت نمازواجب، عیدالاضحی کی میں نے نیت کی ، چھ زائد تکبیروں کے ساتھ، منھ میرا کعبہ شریف کی طرف، اللہ کے واسطے، اَللہُ اکْبَر کہتے ہوئے ہاتھ باندھ لیں۔
امام ثنا پڑھیں گے، پھر تین زائد تکبیر کہیں گے۔پہلی دو تکبیروں میں کانوں تک ہاتھ لے جائیں اور اَللہُ اکْبَر کہتے ہوئےہاتھ چھوڑ دیں، تیسری تکبیر میں کانوں تک ہاتھ لے جائیں اور اَللہُ اکْبَر کہتے ہوئے ہاتھ باندھ لیں۔ ایک رکعت پوری کر کے دوسری رکعت کے رکوع سے پہلے تین زائد تکبیریں کہیںگے۔ تینوں میں کانوں تک ہاتھ لے جائیں اور اَللہُ اکْبَر کہتے ہوئے ہاتھ چھوڑدیں۔ چوتھی تکبیر رکوع کی ہوگی۔ اس میں ہاتھ نہ اٹھائیں۔ ہاتھ اٹھائے بغیر رکو ع میں جائیں اور نماز مکمل کریں۔
سلام کے بعد امام خطبہ پڑھیں گے، سامعین متوجہ ہوکرخطبہ سنیں ۔ خطبہ کے بعد دعا ، مصافحہ اور معانقہ مستحب ہے ۔
{ تکبیـر تـشریق }
مسئلہ۴: نویںذی الحجہ کی فجر سے تیرہویں کی عصر تک جو نماز جماعت کے ساتھ ادا کی گئی ہو ہر نماز کے بعد ایک بار کہنا واجب اور تین بار افضل ہے ، تکبیر یہ ہے۔اَللہُ اَکْبَرْاَللہُ اَکْبَرْ،لاَ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ، وَاللہُ اَکْبَرْ،اَللّٰہُ اَکْبَر، وَلِلّٰہِ الْحَمْدْo